آج کل کھانسی کا مرض بہت زیادہ پھیل گیا ہے اور جو اس مرض کے لپیٹ میں آجائے کھانسی آسانی سے اس کی جان نہیں چھوڑتی بلکہ مریض کھانس کھانس کر دہرا ہونے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم آپ کو ڈاکٹر بلقیس کے بتائے ہوئے چند ایسے ٹوٹکے بتائیں گے جو شدید سے شدید کھانسی میں بھی آپ کے گلے کو آرام پہنچائیں گے۔ موسمی کھانسی کا شکار افراد اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
کلونجی کی چائے
ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ 2 چائے کے چمچ کلونجی کو 2 گلاس میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ وہ ایک گلاس رہ جائے پھر اسے چھان کر کپ میں نکال لیں اور ایک چٹکی نمک ملا کر گرم گرم پئیں۔ اس چائے کو آہستہ اور گلے میں روک کر پینا ہے۔ اس ٹوٹکے کے باقاعدہ استعمال سے گلے کی تکلیف میں واضح آرام آجائے گا۔
سیب کا رس
ایک ٹوٹکہ یہ بھی ہے کہ سیب کے رس میں لونگ ملا کر پیا جائے اس سے جسم سے سردی کا اثر زائل ہوجاتا ہے اور بچوں کی بھوک بھی کھلتی ہے۔
گرم مصالحہ
کھانسی کے مرض میں گرم مصالحے کو بھی مفید پایا گیا ہے۔ بڑی الائچی کے دو تین دانے اور دار چینی کا ٹکڑا منہ میں رکھ کر چوسنے سے افاقہ ہوتا ہے اس کے علاوہ رات سونے سے پہلے ایک چٹکی نمک کو توے پر گرم کر کے کھا لیں اور پانی پئیے بغیر سوجائیں۔