لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں سیوریج کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوگئے ہیں۔
گندا پانی گھروں اور دکانوں کے سامنے کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ تعفن اور بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے مسئلہ حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔ شہریوں نے فوری طور پر سیوریج لائنوں کی صفائی، پانی کی نکاسی اور مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی افراد نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ لیاری چاکیواڑہ کے مکینوں کو اس اذیت سے نجات دلائی جائے اور ذمہ دار اداروں کی کارکردگی کا نوٹس لیا جائے۔