سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل حملے کی پاکستان نے شدید مذمت کردی

image

پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے مشرقِ وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پر ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کی سلامتی و خودمختاری کے ساتھ کھڑا ہے۔

عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں دیرپا امن صرف جامع سیاسی عمل اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

سعودی فضائی دفاع نے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیے

سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے جنوبی سعودی علاقے کی طرف فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے فضا میں تباہ کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے متعدد میزائل داغے گئے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US