گرمی کے موسم میں اس وقت الجھن شدید بڑھ جاتی ہے جب ٹھنڈی ہوا کے جھونکے
لینے کے لئے لوگ چھت اور بالکنی کا رخ کرتے ہیں۔ چھت پر ہوا تو خوب ہوتی ہے لیکن بن بلائے مہمان کی طرح مچھر بھی موجود ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ مچھروں کو ختم کرنے کے لئے اسپرے اور گلوب وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں جو سانس کے مریضوں کے لئے تو نقصان دہ ہیں ہی بلکہ زہریلے بھی ہیں۔ آج کے آرٹیکل میں ہم آپ کو چند ایسے پودوں کے بارے میں بتائیں گے جو گھر کی فضا کو ٹھنڈا اور معطر رکھنے کے علاوہ مچھروں سے بھی پاک رکھتے ہیں۔
لیمن گراس
لیمن گراس کا پودا پاکستان کی آب و ہوا میں خوب پھلتا پھولتا ہے اور گھر کے اندر بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اس کا نام اگرچہ لیمن گراس ہے لیکن لیموں سے اس کا کچھ لینا دینا نہیں۔ جہاں اس کی چائے وزن میں کمی کرنے اور صحت کے بہت سے مسائل حل کرنے میں کارآمد ہے وہیں اس کے پودوں سے خارج ہونے والی خوشبو مچھروں کو ناگوار گزرتی ہے اور مچھر اس جگہ سے دور رہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں جہاں یہ پودا موجود ہو۔ مچھروں سے نجات پانے کے لئے یہ پودا اپنے گھر اور کمرے میں ضرور رکھیں۔
تلسی
تلسی کے پتوں کی خوشبو تیز اور کسی قدر چبھتی ہوئی ہوتی ہے البتہ یہ بو مچھروں کو بھگانے میں مددگار ہوتی ہے۔ تلسی کا پودا جس جگہ رکھا جائے اس سے کافی دور تک مچھر، مکھی اور کیڑے مکوڑے نہیں آتے۔ اس کے علاوہ تلسی کے پودے سے اطراف میں ٹھنڈک اور تازگی کا احساس بھی رہتا ہے۔
پودینہ
پودینہ کھانے میں ذائقہ اور صحت کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ کیڑے مکوڑوں اور مکھی مچھروں کو بھی دور رکھتا ہے۔ پودینے کا پودا ٹھنڈا ہوتا ہے البتہ اس کو اگر کمرے میں رکھنا ہو تو ایسی کھڑکی کے پاس رکھیں جہاں دھوپ براہِ راست آتی ہو کیوں کہ پودینے کے پودے کو دھوپ کی ضرورت ہوتی ہے۔
لہسن
لہسن ڈالے بغیر کھانا مکمل نہیں ہوتا۔ بہت سے فائدوں والی یہ سبزی بھی مچھروں کی دشمن ہے۔ مچھر ہوں یا دوسرے کیڑے مکوڑے لہسن کی بو سے دور بھاگتے ہیں۔
روز میری
روزمیری بھی ایسا ہی پودا ہے جو آپ کو تنگ کرنے والے حشرات الارض سے بچاتا ہے۔ اس کے علاوہ پودے جہاں موجود ہوں اس جگہ کا درجہ حرارت باقی جگہوں کی نسبت کم ہوجاتا ہے۔ اس لئے ہمارے بتائے ہوئے پودے آج ہی گھر لائیں اور گرمی کے موسم میں سکون کی نیند سوئیں۔