ملک کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ تھر اور چولستان میں تو پرندے اور جانور بھی گرمی کی شدت اور پانی کی قلت کی وجہ سے تیزی سے مر رہے ہیں۔ جس کی بڑی وجہ خود ہم انسان ہی ہیں۔ اگر ہم صرف ان پرندوں کو ہی دیکھ لیں جو ہمارے اطراف میں ہیں اور ان کی مدد کرنے کے بارے میں سوچیں تو یقیناً ہم کسی جاندار کی زندگی کو بچانے کا ذریعہ بنیں گے۔
آج کل سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے جس میں تھرماپول شیٹ سے بنا ہوا ایک برڈ ہاؤس رکھا ہوا ہے۔ جس کے دونوں اطراف پرندوں کا کھانا اور درمیان میں مٹی کے پیالے رکھے ہیں جن میں پانی موجود ہے۔ یہ ایک اچھا خودکار طریقہ ہے کہ آپ زیادہ پیسے خرچ نہیں کر سکتے تو یوں تھرماپول شیٹس سے سادہ سا پرندوں کا گھر بنا دیں، ان کے لئے کھانا اور پانی رکھ دیں۔ زیادہ دھوپ ہو تو پرندے اس کے اندر پناہ لے لیں۔
اس موسم میں پرندوں کا خیال رکھنا آپ کی اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کیونکہ خُدا کے گھر ہر کسی کو جوابدہ ہونا ہے۔ ان بے زبانوں کو گرمی سے بچانے کے لئے صرف ایک گلاس پانی ہی فراہم کردیں تاکہ ڈوبتے کو تنکے کا سہارا تو ہوسکے۔
اداکار عمران عباس نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی اور جس میں گھر کی دیوار پر پرندہ بیٹھا ہوا پانی پی رہا ہے۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ اس شدید گرمی میں اپنے گھر کی دیوار پر پانی اور باجرے سے بھرے برتن رکھ کر ان خوبصورت مہمانوں کا استقبال کریں۔