ہر سال موسم گرما آتے ہی ٹھیلوں پر خوبصورت رنگوں اور خوشبودار پھلوں کو دیکھ کر دل للچانے لگتا ہے۔ پھل نہ صرف صحت کے لئے مفید ہوتے ہیں بلکہ ان کا ذائقہ انسان کو تروتازہ بھی کردیتا ہے۔ لیکن اس بڑھتی مہنگائی کے دور میں اب پھل خریدنے جیسی ضرورت بھی عیاشی معلوم ہوتی ہے۔ آج ہم آپ جو چند مہنگے پھلوں کو گھر میں ہی اگانے کے طریقے بتائیں گے جن سے آپ ایک بار نہیں بلکہ ہمیشہ ہی فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنے ہزاروں روپے کی بچت کرسکتے ہیں۔
فالسہ
کھٹا میٹھا فالسہ گرمیوں کی خاص سوغات ہے۔ اکثر گھروں میں فالسے کا شربت بنا کر پیا جاتا ہے۔ اس کو اگانے کا طریقہ نہایت آسان ہے۔ فالسہ کھا کر بیج نہ پھینکیں بلکہ اس کو سکھا کر اگلے دن کسی بھی مٹی میں بھرے گملے میں لگا دیں۔ ان گملوں میں روز اتنا پانی دیں کے اوپر کا حصہ گیلا ہوجائے اور براہ راست دھوپ میں نہ رکھیں۔ 12 سے 15 دن میں آپ کا فالسے کا پودا نکل آئے گا۔ اس پودے میں پھل ایک سال بعد آنا شروع ہوتا ہے۔
جامن
فالسے کی طرح جامن بھی بہت آرام سے گھر میں ہی اگایا جاسکتا ہے۔ جامن کی گٹھلیوں کو اتنا سکھائیں کہ وہ خشک ہو کر براؤن ہوجائیں۔ اب انھیں گملے میں دبا دیں اور روزانہ اتنا پانی دیں کہ سطح گیلی ہوجائے لیکن بہت زیادہ پانی نہ دیں۔ گملے کو صرف ڈیڑھ گھنٹہ دھوپ چاہیے ہوتی ہے اس کے بعد اسے سایہ دار جگہ پر رکھ دیں۔ جامن کے بیج 15 دن بعد ننھے پودے میں بدل جائیں گے۔
خربوزہ
خوبوزے کے بیج کو اچھی طرح دھو کر ٹشو پیپر سے ان کا گودا نکال لیں اور خشک کرلیں۔ ان بیجوں کو دوبارہ ٹشو پیپر میں لپیٹ کر ہلکا سا پانی کا اسپرے کریں اور پلاسٹک کے ڈبے میں بند کر کے فریج میں 5 دن کے لئے رکھ دیں۔ پانچ دن بعد آپ ڈبا کھولیں گے تو بیج سے پودا پھوٹ چکا ہوگا۔ اب ان کو احتیاط سے نرم مٹی والے گملے میں دبا دیں۔ پودے تھوڑے بڑے ہوجائیں تو کسی بڑے گملے یا کیاری میں لگا دیں کیونکہ خربوزے کو زیادہ جگہ چاہیے ہوتی ہے۔ خربوزے کی بیل ہوتی ہے جسے باندھنا ضروری ہے۔
خوبانی
خوبانی کے بیج کو ایسے توڑیں کے اندر سے ثابت بادام نکل آئے۔ اب اس بادام کو 20 منٹ تک پانی میں ڈبوئیں اور ٹشو پیپر میں لپیٹ کر پلاسٹک کے ڈبے میں رکھ دیں اور فریج میں رکھ دیں۔ ہر ہفتے فریج سے نکال کر ٹشو پیپر پا پانی کا ہلکا سا اسپرے کریں اور دوبارہ فریج میں رکھ دیں۔ خوبانی کا پودا نکلنے میں ڈیڑھ سے دو ماہ لگتے ہیں۔ جب اس کو بیج پھوٹ جائے تو گملے میں لگا دیں اور ہلکا سا پانی دیں۔ 10 دن میں خوبانی کا پودا نکل آئے گا۔
آڑو
آڑو کے بیج کو توڑ کر اس کا بیج سالم نکال لیں اور 20 منٹ پانی میں بھگو کر صاف کرلیں۔ ٹشو پیپر میں لپیٹ کر ہلکا سا پانی کا اسپرے کرکے فریج میں رکھ دیں اور ہر ہفتے ٹشو پیپر پر پانی کا ہلکا اسپرے کریں اور واپس فریج میں رکھ دیں۔ 3 ماہ میں آڑو کے بیج سے جڑ نکل آئے گی۔ اسے گملے میں لگا دیں۔ چند دن میں پودا تیار ہوجائے گا۔