آج صبح سویرے عمران خان اپنے قافلے کے ہمراہ پشاور سے جناح ایونیو اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو الٹی میٹم دیا کہ 6 روز میں آپ الیکشن کی تاریخ دیں اور اگر آپ نے ایسا نہیں کیا تو میں پوری قوم کو اسلام آباد لے کر آجاؤں گا۔ پہلے میرا ارادہ تھا کہ میں جب تک یہیں قیام کروں گا جب تک یہ مجھے الیکشن کی تاریخ نہیں دے دیتے، لیکن کل سے اب تک جس طرح کے حالات دیکھے ان میں یہ کافی ہے کہ 6 دن میں یہ الیکشن کروائیں۔
آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کے لیے ہر قسم کا طریقہ استعمال کیا گیا لیکن 30 گھنٹے میں دیکھا ہے کہ قوم غلامی کے خوف سے آزاد ہو گئی ہے، جس طرح شرکاء نے آنسو گیس شیلنگ کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ اب قوم کو سمجھ آگئی ہے کہ کیا سچ ہے اور کون دیانتدار ہے۔ جس طرح نبی ﷺ نے پوری قوم کو ساتھ لے کر دینِ اسلام کا پرچم بلند کیا اور اندھیروں سے اجالوں میں مسلمانوں کو لے کر گئے۔ میں بھی چاہتا ہوں کہ اس ملک کی خدمت کروں۔ الحمدُاللہ لوگ خود بخود سامنے آگئے ہیں بس امپورٹڈ حکومت کو پیچھے نکالنا باقی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ:
جمہوریت میں اس طرح کے طریقے نہیں اپنائے جاتے کہ ایک ساتھی کو اٹک میں اور ایک کو دریائے راوی میں گرا کر شہید کیا گیا۔ ہمارے پاس یہ بھی اطلاعات آ رہی ہیں کہ 3 لوگوں کو کراچی میں بھی شہید کیا گیا ہے، ہمارے ہزاروں کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔
بھیک نہ مانگی اور قرضے نہ ملے تو ملک نہیں چلے گا، قوم کسی صورت امریکی سارش اور امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرنے والی۔
حکومت کو 6 روز دے رہا ہوں، اسمبلیاں تحلیل کریں اور جون میں الیکشن کا اعلان کیا جائے ۔