پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کو 15 جنوری 2026 کو سست رفتار انٹرنیٹ اور ممکنہ سروس تعطل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ ایک اہم بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر مرمتی کام شیڈول کیا گیا ہے۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی نیا ٹیل کے مطابق مرمت کا عمل دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگا اور اس کے مکمل ہونے میں لگ بھگ آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ اس دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار اور کارکردگی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ مرمت بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے جو تکنیکی طور پر ناگزیر ہے۔ اگرچہ کیبل کی درست لوکیشن یا خرابی کی نوعیت سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم صارفین کو براؤزنگ، اسٹریمنگ اور آن لائن سروسز میں نمایاں سست روی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ مرمتی کام کے دوران ڈیٹا کو متبادل راستوں سے منتقل کیا جائے گا، تاہم اس کے باوجود انٹرنیٹ کی رفتار سست رہنے کا امکان ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں، دفتری کام اور ڈیجیٹل میٹنگز کی پیشگی منصوبہ بندی کر لیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ یکم جنوری 2026 کو بھی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ تعطل دیکھنے میں آیا تھا، جو ایک اپ اسٹریم فراہم کنندہ میں خرابی کے باعث دو دن سے زائد جاری رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود سب میرین کیبلز پر انحصار کے باعث اس نوعیت کی مرمتیں ناگزیر ہیں، تاہم ان کے اثرات صارفین کے لیے خاصے پریشان کن ثابت ہوتے ہیں۔