اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت کیلئے آنیوالی گلگت بلتستان کی اعلیٰ سیاست قیادت نے بھی رات اسلام آباد کی سڑکوں پر گزاری۔
گلگت بلتستان کے سابق گورنر اوروزیراعلیٰ کے علاوہ سابق وزیرامور کشمیر علی امین گنڈا پور بھی اسلام آباد میں ایک گرین بیلٹ پر کچھ دیر آرام کرتے دکھائی دیئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ گزشتہ روز شروع ہوا اور مختلف شہروں سے لوگ اسلام آباد پہنچے تھے لیکن حکومت کی جانب سے شہر میں غیر مقامی افراد کو ہوٹلوں میں جگہ دینے کے حوالے سے سخت پابندیوں کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر ہی موجود رہے۔
اس حوالے سے کارکنوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے اسلام آباد میں مکمل بلیک آؤٹ کررکھا ہے، مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کی جاتی رہی اور کھانے پینے کو بھی کچھ نہیں مل رہا تھا تاہم ایسے حالات میں اسلام آباد میں رہنے والے پی ٹی آئی کے سپورٹرز دیگر شہروں سے آنیوالے کارکنوں کیلئے پانی اور کھانے کا سامان فراہم کرتے رہے۔
لانگ مارچ میں بچوں اور خواتین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی، ان کا کہنا تھا کہ ملک کو حقیقی آزادی دلوانے کیلئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں اور پاکستان کو غلامی سے نجات دلوائیں گے۔
واضح رہے کہ 25 مارچ کو پشاور سے شروع ہونیوالا لانگ مارچ اسلام آباد کے ڈی چوک پر پہنچ کر ختم ہوچکا ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو 6 میں الیکشن کے اعلان کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دھرنا ختم کردیا ہے۔