اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور سینئراینکر پرسن ریحام خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کا دھاندلی کا منصوبہ خاک میں ملادیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ در حقیقت آج الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے خاتمے کا بل منظور نہیں ہوا بلکہ تحریک انصاف کے دھاندلی پلان کے خاتمے کا بل منظور ہوا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کا بل منظور کرلیا ہے جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے حوالے سے سابق حکومت کی ترامیم ختم ہوگئیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت آرڈیننس کے ذریعے معاملات چلاتی رہی، عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ اس ایوان میں قانون سازی ہو، ایک آرڈیننس چیئرمین نیب کے حوالے سے جاری کیا گیا اور توسیع دی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ ترامیم کے ذریعے سول سرونٹس کو بھی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، بغیر کسی ثبوت کے سول سرونٹس کو جیل میں ڈالا گیا ، سیاستدانوں کو دبانے کے لئے نیب کے قانون کو استعمال کیا گیا ، ججز نے کہاکہ نیب کو سیاست دانوں کو دیوار سے لگانے کے لئے استعمال کیا گیا۔