اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کے بعد ملک میں آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافے کا نوٹیفکیشن جاری ، پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت میں 180 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 980 روپے ہوگئی ہے۔
خیال رہے گزشتہ روز حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیاتھا۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیاہے، درخواست میں اوگرا ،وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت نے کابینہ کی منظوری کی بغیر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔درخواست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے ۔