الیکشن ترمیمی بل سینیٹ سے بھی منظور، کیا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کبھی نہیں ملے گا ؟

image

اسلام آباد : سینیٹ نے الیکشن ترمیمی بل 2022 کی منظوری دے دی ،اپوزیشن کی جانب سے ایوان بالا میں شدید احتجاج، چیئرمین کے ڈائس کا گھیراؤ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا الیکشن ترمیمی بل 2022 پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

اپوزیشن رہنماء ڈاکٹر شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، 90 لاکھ اوورسیز ووٹوں کو بلڈوز نہیں ہونے دیں گے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس میں بتایا کہ سمندرپارپاکستانیوں کا ووٹ نہ ختم کیا گیا نہ ہی کیا جائے گا، اوورسیز کے ووٹ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سوال کیا کہ انتخابات ترمیمی بل کو کمیٹی کے سپرد کروں یا ابھی پاس کرانا ہے؟ اس پر اعظم نذیر نے کہا کہ یہ وہ بل ہے جسے سینیٹ کمیٹی نے منظورکیا تھا، سمندرپارپاکستانیوں کے ووٹ کا حق واپس نہیں لیا گیا، الیکشن کمیشن کوکہا ہے کہ راز داری کو نظر رکھ کر ووٹ کا حق ڈالنا یقینی بنائیں۔

سینیٹ میں دونوں بلز کی منظوری کے موقع پر پی ٹی آئی اراکین نے شدید مخالفت کی اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس پر آکر احتجاج کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts