چاہے سنڈریلا کی کہانی ہو یا حقیقی شہزادی کی داستان۔ شادی کے موقع پر سب ہی شہزادیاں لمبے لباس زیب تن کرتی ہیں۔ آخر ایسا کیوں ہے اور یہ رواج کب سے چلا آرہا ہے؟ آئیے جانتے ہیں آج کے اس آرٹیکل میں۔
باوقار لباس
صدیوں پہلے لمبے لباس پہننا مرد اور خواتین دونوں کے لیے پسند کیا جاتا تھا مگر کام کاج کے سلسلے میں مردوں کا لمبے لباس پہننا متروک ہوتا گیا اور خواتین کے لئے بھی فرش پر بکھرے لباس کو سنبھالنا مشکل ہوگیا مگر حقیقت یہ ہے کہ لمبے لباس شاندار لگتے ہیں اس لئے شہزادیاں اہم مواقع پر آج بھی لمبے لباس پہنتی ہیں خاص طور پر شادی کے دن جہاں ان کا لمبا گاؤن سنبھالنے کے لئے کسی کو مقرر بھی کیا جاتا ہے۔
لمبے گاؤن اور میکسی کا شاہانہ انداز اتنا مقبول ہے کہ عام لڑکیاں بھی اپنی شادی کے دن لمبا لباس پہننا پسند کرتی ہیں تاکہ وہ بھی شہزادیاں دکھیں۔ لمبے لباس حیا کے تقاضے بھی پورے کرتے ہیں اور خوبصورت بھی بے حد لگتے ہیں۔
شہزادیوں کی شادی کا لباس لمبا ہونے کے ساتھ ساتھ کافی بھاری بھی ہوتا ہے۔ شہزادی ڈیانا کی شادی کا لباس 25 فٹ لمبا اور 5 کلو سے زائد وزن کا تھا اسی طرح ان کی بہو شہزادی کیٹ مڈلٹن کا لباس بھی 25 فٹ لمبا تھا۔ برطانوی شہزادیوں کے علاوہ باقی ممالک کی شہزادیاں بھی شادی کے دن لمبے لباس ہی پہنتی ہیں جو مختلف اقسام کی کشیدہ کاریوں اور ہیرے موتی جڑے ہونے کی وجہ سے بھاری ہوجاتے ہیں۔ برصغیر پاک و ہند میں بھی دلہنیں اگرچہ ساڑھیاں اور شرارے غرارے پہنتی ہیں مگر لمبائی ان کی بھی زیادہ ہوتی ہے اور موتی اور نگینوں کی وجہ سے ان لباسوں کا وزن بھی کافی زیادہ ہوتا ہے۔