"رات کو ہی فریج میں بچا ہوا کھانا رکھا تھا صبح نکالا تو سب سڑ چکا تھا"۔ زہرا نے اپنے شوہر عدیل کو افسوس کے ساتھ بتایا
کھانا فریج میں رکھنے کے باوجود خراب ہوجانا گرمیوں کا ایک عام مسئلہ ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ بجلی اتنی بار جاتی ہے کہ فریج صحیح طرح کولنگ نہیں کرپاتا اور نتیجہ کھانا خراب ہونے کی صورت میں نکلتا ہے لہٰذا ایسا کیا طریقہ اپنایا جائے کہ گرمیوں میں کھانا خراب نہ ہو؟ آج کہ اس آرٹیکل میں ہم آپ کو چند ایسے ہی مفید مشورے دینے جارہے ہیں جس سے آپ اس روز کے مسئلے سے جان چھڑا سکتے ہیں
آئس باکس کا استعمال کریں
آئس باکس زیادہ تر پکنک وغیرہ میں کولڈ ڈرنکس کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے لیکن انھیں گھر میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ بار بار بجلی جانے کی صورت میں پکا ہوا کھانا، مکھن، گوشت وغیرہ اس باکس میں بہت ساری برف ڈال کر خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ یہ ڈبہ باہر کی ہوا یا گرمی کو اندر نہیں پہنچنے دیتا جس سے کھانا زیادہ دیر تک محفوظ رہتا ہے۔ آئس باکس کی مختلف ورائٹیز ہوتی ہیں البتہ 1500 کا ملنے والا سستا ترین آئس باکس بھی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔
اس کے علاوہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لائٹ جائے تو فریج کو بار بار نہ کھولا جائے تاکہ اس میں موجود ہوا باہر نہ نکلے اور کھانا بھی خراب نہ ہو۔ اگر ٹھنڈا پانی نکالنے کے لئے فریج کھولنا پڑتا ہے تو بہتر ہے کولر خرید لیں تاکہ فریج میں موجود چیزیں خراب ہونے سے بچ سکیں۔