اسلام آباد: حکومت نے سبسڈی ختم کرکے ملک میں پیٹرول مزید مہنگا کرنے کا عندیہ دیدیا ہے، رواں ماہ پیٹرولیم قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب پیٹرول، ڈیزل پر کوئی سبسڈی نہیں دیں گے، پیٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق قیمتیں ہوں گی۔ جولائی کے مہینے میں نقصان میں نہیں جائیں گے، سبسڈی کو اس سال ختم کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سطح پر قیمتیں کم نہ ہوئیں تو ہمیں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانا پڑے گی۔اس وقت پیٹرول پر 9 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 28 روپے فی لیٹر سبسڈی ہے، یہ سبسڈی نہیں بلکہ قرض بڑھ رہا ہے، وقت کے ساتھ یہ قیمتیں ایڈجسٹ کرنی پڑیں گی یا بڑھانی پڑیں گی۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں جتنا ممکن ہو سکا ریلیف دیں گے، تیل کی جو قیمت خرید ہے اسی پر بیچنا پڑے گا۔