پاکستان بھر میں اس وقت گرمی عروج پر ہے۔ ایسے موسم میں لوگوں کے گھروں میں اے سی کا استعمال معمول سے زیادہ ہوتا ہے۔ لیکن بہت سے پنکھوں پر گزارا کرتے ہیں۔
وہیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی عوام کو پسینوں میں شرابر کردیتی ہے۔ ایسے میں گھر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کیا اقدامات کیئے جائیں کہ بجلی کی عدم موجودگی میں اور سخت گرمی میں گھر ٹھنڈا رہے؟
'ہماری ویب' ڈاٹ کام کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے ہمشہ ایسی گھریلو ٹپس سامنے لائی جاتی ہیں جس میں خرچہ بالکل نہیں ہوتا بلکہ اور ہوتا بھی ہے تو بالکل مختصر۔
لیکن گرمیوں میں گھروں کو ٹھنڈا رکھنے کے حوالے سے جس شیٹ کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں اس سے آپ کو فائدہ حاصل ہوگا۔
ببل شیٹ آپ نے اپنے گھر کی کھڑکیوں پر لگانی ہے اب آپ یہی سوچ رہے ہوں گے کہ اسے لگانے کا طریقہ کیا ہوگا۔
سب سے پہلے ایک عدد ببل ریپ شیٹ ، قینچی اور ایک پیالے میں پانی بھرلیں۔ پہلے ببل شیٹ کو اپنی کھڑکی کے سائز کے مطابق کاٹ لیں۔
مارکیٹ میں مختلف سائز کی ببل شیٹ دستیاب ہوتی ہیں آپ اپنی مرزی سے کوئی بھی لے سکتے ہیں۔ ایک میٹر کی لمبائی اور چوڑائی والی شیٹ کی قیمت 60 سے 70 روپے ہوگی۔ زیادہ سے زیادہ ببل شیٹ کی قیمت تین سو سے ساڑھے تین سو ہوگی۔
اس کو گھر کی کھڑکیوں پر لگالیں، یہ شیٹ سورج کی تپتی ہوئی دھوپ کو کمرے کے اندر آنے سے روکتی ہے اور اندر کا درجہ حرارت نارمل رکھتی ہے جس سے بنا اے سی گھر ٹھنڈا رہتا ہے۔
طریقہ استعمال:
سب سے پہلے شیٹ کے سخت کناروں کو قینچی کی مدد سے کاٹ لیں۔ پھر شیٹ کو ایک ٹیبل پر بچھا لیں شیٹ کے ببل والے حصے کو کپڑے سے گیلا کریں۔
اس کے بعد جس کھڑکی پر آپ شیٹ لگانے جا رہے ہیں اس کو اچھی طرح اندر سے صاف کریں۔ اور گیلے کپڑے کی مدد سے کھڑکی کو گیلا کریں۔ آپ اِسپرے بھی کرسکتے ہیں۔
پھر وہی شیٹ کھڑکی پر اچھی طرح چپکا دیں۔ شیٹ کو مزید اچھی طرح چسپاں کرنے کے لیے خشک کپڑا استعمال کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کا گھر ٹھنڈا رہے گا اور آپ خود کو پرسکون محسوس کریں گے۔