لاہور:پنجاب حکومت نے ایوان اقبال میں منعقد ہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کیلئے 3226ارب روپے حجم کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا ،آئندہ مالی سال میں کل آمدن کا تخمینہ 2521ارب 29کروڑ روپے لگا یا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا آئندہ مالی سال کا بجٹ انچارج وزیر برائے خزانہ سردار اویس لغاری نے ایوان اقبال میں پیش کیا ۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر سردار دوست مزاری نے کی ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی ایوان میں موجود رہے ۔
اویس لغاری نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں اس رب کائنات کا جو جسے چاہتاہے عہدہ اورمنصب عطا کرتا ہے اورجسے چاہتا ہے کہ ان سے محروم کردیتا ہے ۔ مقام شکر ہے کہ اس ذات بار ی تعالیٰ نے چور دروازے سے برسر اقتدار آنے والے شعبدہ بازوں کے عزائم کو ناکام بنا کر مسلم لیگ (ن) اس کے اتحادیوں اور پاکستان کے عوام کو سر خرو کیا۔
كانچارج وزیر برائے خزانہ نے ایوان کو بتایا کہ آئندہ مالی سال 2022-23بجٹ کا مجموعی حجم 3,226ارب روپے تجویز کیا جارہا ہے جس میں کل آمدن کا تخمینہ 2,521ارب 29کروڑ روپے لگا یا گیاہے جس میں وفاق کے قابل تقسیم محاصل سے پنجاب کیلئے 2,020ارب 74کروڑ روپے آمدن کا تخمینہ لگایاگیا ہے ۔
صوبائی محصولات کی مد میں پچھلے سال سے 24فیصد اضافے کے ساتھ 500ارب53کروڑ روپے تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی سے 22فیصد اضافے کے ساتھ190روپے ، بورڈ آف ریونیو سے 44فیصد اضافے کے ساتھ95ارب روپے اور محکمہ ایکسائز سے 2فیصد اضافے کے ساتھ43ارب 50کروڑ روپے کے محصولات کی وصولی کے اہداف مقر ر کئے گئے ہیں جبکہ نان ٹیکس ریونیو کی مد میں24فیصد اضافے کے ساتھ163ارب روپے53کروڑ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے ۔
آئندہ مالی سال میں435ارب 87کروڑ روپے تنخواہوں ,312ارب روپے پنشن اور528ارب روپے مقامی حکومتوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔موجود ہ حکومت اپنے پچھلے دور کی طرح اس دور میں بھی ٹیکس وصولیوں میں نچلے طبقے پر بوجھ میں کمی اور صاحب حیثیت طبقات پر ٹیکس نیٹ کے پھیلائو کی عوام دوست پالیسی پر کاربند ہے ۔ آئندہ مالی سال میں پنجاب حکومت کی جانب سے سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں کوئی نیاٹیکس نہیں لگایا جا رہاہے ۔
حکومت نے اس امر کا خصوصی خیال رکھا ہے کہ مراعات یافتہ متمول طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جبکہ مستحق اور کم آمدنی والے طبقے کو ادائیگیوں میں چھوٹ دی جائے ۔اس ضمن میں پنجاب فنانس ایکٹ2014کے تحت پر تعیش گھروں پر عائد کردہ لگژری ہائوس ٹیکس شیڈول میں بلحاظ رقبہ نئے ریٹ متعارف کروائے جارہے ہیں جن کا اطلاق یکم جولائی 2022سے ہوگا ۔