کراچی: دعا زہرہ کاظمی کے بعد پسند کی شادی کرنے والی نمرہ کاظمی نے بھی پیا گھر جانے کی تیاری کرلی، لڑکی کے والدین نے بیٹی کی پسند کے سامنے ہار مان کر شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا۔
نمرہ کاظمی اغوا کیس کی سماعت کے دوران پولیس نےنمرہ کے شوہر شاہ رخ کوعدالت میں پیش کردیا۔
اس موقع پر شاہ رخ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نمرہ کاظمی کے والدین سے بات چیت جاری ہے اور نمرہ کے والدین نے شاہ رخ کو داماد تسلیم کرلیا ہے اور رخصتی کے طریقہ کار پر بات ہورہی ہے،جلد کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔مصالحت سے متعلق حلف نامہ متعلقہ عدالت میں جمع کروادیں گے۔
یاد رہے کہ نمرہ کاظمی 20 اپریل 2022 کو سعود آباد سے لاپتہ ہوئی تھی، اس کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ صبح 9 بجے کام سے گئی اور جب وہ واپس گھر آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تاہم پولیس حکام نے بعد میں تحقیقات کے دوران نمرہ کاظمی کے شاہ رخ نامی نوجوان سے نکاح کا انکشاف کیا تھا۔
پولیس کے مطابق نکاح نامے میں لڑکی کی عمر 18 سال جبکہ ایف آئی آر میں 18 سے کم لکھوائی گئی تھی تاہم میڈیکل بورڈ کی جانب سے لڑکی کو بالغ قرار دینے کے بعد والدین کی طرف سے اعتراض بھی سامنے آیا تھا۔