ملک میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے سامان اٹھانے سے انکار کرتے ہوئے گاڑیاں کھڑی کردیں، نواب شاہ میں مہنگائی سے پریشان رکشہ ڈرائیوروں نے دو رکشوں کو آگ لگادی۔
نواب شاہ پریس کلب کے سامنے رکشہ ڈرائیوروں نے پیٹرول اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اس دوران مظاہرین نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے کرایوں میں اضافہ کی بنا پر سواریاں نہیں مل رہیں۔ بے روزگاری کے باعث گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔
مظاہرین نے مہنگائی کے خلاف سخت نعرے بازی کی اس دوران دو رکشہ ڈرائیوروں نے شدت جذبات میں حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے دو رکشے نذر آتش کردیئے۔
دوسری جانب کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کرتے ہوئے مال اٹھانے سے انکار کردیا ہے۔
صدر کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن رانا اسلم نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور مہنگائی ناقابل برداشت ہے، احتجاجاً پورٹ پر گاڑیاں کھڑی کرکے مال اٹھانا بند کر دیا ہے۔
رانا اسلم کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کا اجلاس بلالیا ہے، کل اجلاس میں ہڑتال سمیت سخت ترین فیصلے کیے جائیں گے اور کرائے میں مزید اضافے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
صدر کراچی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کاروبار بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ حکومت ہماری گاڑیاں خرید کر خود چلا لے، ہم نہیں چلا سکتے۔