ان کہی داستان ایسی ہوتی ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں، ایسی ہی ایک داستان عمران ہاشمی کی ہے، جس نے سب کی توجہ حاصل کی۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
بھارتی اداکار عمران ہاشمی کا شمار فلم انڈسٹری کے ان چند اداکاروں میں ہوتا ہے جو کہ چند ہی فلموں میں کام کر چکے ہیں لیکن شہرت کو چار چاند لگا گئے، عمران ہاشمی ویسے تو کافی مشہور ہیں لیکن اس وقت میڈیا کی توجہ کا مرکز تھے جب ان کے بیٹے آیان کینسر میں مبتلا ہوئے۔
2014 میں آیان ہاشمی جب 3 سال کے تھے تو کینسر کے پہلے اسٹیج میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد والد نے فلم انڈسٹری کو وقتی طور پر چھوڑ دیا تھا، عمران یوں ہو گئے تھے کہ جیسے ان کی دنیا تھم سی گئی ہو، بیٹے کو اسپتال میں دیکھ کر والد ٹوٹ کر رہ گئے تھے۔
لیکن ساتھ ہی عمران ہاشمی نے بیٹے اور خود کی اس جنگ میں ان کرداروں کا بھی ذکر کیا جنہوں نے اخلاقی طور پر اور شاید مالی طور پر بھی انہیں سپورٹ کیا۔
ایک تقریب کے موقع پر عمران ہاشمی نے اداکار جان ابراہم کی تعریف بھی کی کہ وہ وقت کے بے حد پابند ہیں، جس وقت شوٹنگ کا وقت ہوتا تھا، وہ موجود ہوتے تھے، یہی ایک اداکار کی خاصیت ہوتی ہے۔
ساتھ ہی عمران نے اس وقت کو بھی یاد کیا جب ان کے بیٹے آیان ہاشمی کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر آئی سی یو میں تھے، اداکار نے انکشاف کیا کہ اس وقت دو اداکار تھے، جن میں سے ایک جان ابراہم ہیں، جنہوں نے مجھ سے مسلسل رابطہ کیا اور میرے بیٹے کی خیریت معلوم کرتے رہے، ساتھ ہی مجھے یہ بھی کہا کہ عمران اگر کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو مجھے ضرور بتانا۔
یہ وہ لمحہ تھا جب عمران خود بھی جذباتی ہو گئے تھے، کیونکہ انہیں یقین نہیں تھا کہ جان ابراہم انہیں کال کر کے پوچھیں گے، عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہماری دوستی تھی مگر اتنی گہری نہیں تھی کہ جان کال کرتے، مجھے کافی اچھا لگا تھا جب جان نے کال کی۔
واضح رہے جان ابراہم کی شادی کو 6 سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے، اور ان کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہے، جان ابراہم اور ان کی اہلیہ نے رضا مندی سے بچے پیدا نہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم شادی سے پہلے سے ہی جان ابراہم کو بچے بے حد پسند ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے عمران ہاشمی کے بیٹے کے لیے مدد کی خواہش کی۔