ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کے بعد اب ٹھنڈا اور پیارا مون سون کا موسم آن پہنچا ہے۔ جہاں انسان سے لے کر چرند پرند برستی پھواروں کا لطف اٹھا رہے ہیں وہیں ہر بار بارش کے بعد قیمتی جانیں ضائع ہونے کی خبریں لرزا کے رکھ دیتی ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت hamariweb.com کے عزیز قارئین کو ہم کچھ ایسے طریقے بتانے جارہے ہیں جن سے وہ بارش کے موسم میں خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
گیلے ہاتھ سے برقی آلات نہ چھوئیں
بارش کے موسم میں دیواروں میں بھی پانی آجاتا ہے جس کی وجہ سے بجلی کے آلات کو چھونا خطرناک ہوسکتا ہے خاص طور پر گیلے ہاتھوں سے آلات لو بالکل نہ چھوئیں۔ اگر بہت ضروری ہو تو چپل پہن کر لکڑی کے چمچ سے بٹن کو کھولیں یا بند کریں۔
بل بورڈز اور پول سے دور رہیں
غیر ضروری طور پو گھر سے باہر نہ نکلیں اور کسی بل بورڈ اور بجلی کے پول کے نیچے ہر گز کھڑے نہ ہوں۔ گزشتہ سالوں میں بارش کے دوران بل بورڈز گرنے سے کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔
جانوروں کو بجلی کے پول سے نہ باندھیں
بکراعید کی آمد آمد ہے۔ ایسے میں لوگ جانوروں کو بجلی کے پول سے باندھ دیتے ہیں جو اکثر ان کی موت کی وجہ بن جاتا ہے۔ پول سے آنے والے کرنٹ سے جانور خود کو بچا نہیں پاتے اور موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
کنڈا نہ ڈالیں
بارش میں بجلی زیادہ جاتی ہے لیکن کسی بھی صورت میں کنڈے نہ لیں نہ ہی کیبل کے تار کو صحیح کرنے کے لئے ہاتھ لگائیں۔
ننگے تاروں کو پہلے ہی بدلوا لیں
اکثر تاروں کی حفاظتی تہہ خراب ہوجاتی ہے جس کہ وجہ سے وہ زیادہ خطرناک ہوسکتے ہیں۔ بارش کے موسم سے پہلے ہی متعلقہ اداروں سے کہہ کر ان کی مرمت کروالیں نیز ایسے درختوں سے بھی دور رہیں جن میں کوئی تار گرا ہوا ہو۔