ملتانی مٹی پاکستان سمیت دنیا بھر میں استعمال کی جاتی ہے، اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ آسانی سے اور سستے داموں مل جاتی ہے۔ یہ نسوانی حسن نکھارنے کے لیئے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اور مشہور مٹی ہے۔
اس مٹی میں بہت سی فائدہ مند معدنیات پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے اسے صنعتی اور دیگر اشیا میں استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ اسے ایکسپورٹ بھی کیا جاتا ہے۔
ملتانی مٹی کہاں سے نکالی جاتی ہے؟
سنہرے اور ہلکے زرد رنگ کے نرم پتھروں کی شکل میں دستیاب "ملتانی مٹی" پاکستان میں صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور اور اطراف میں واقع مخصوص پہاڑوں کے دامن سے سرنگیں کھود کر نکالی جاتی ہے۔
ملتانی مٹی کا نام ملتان کی نسبت سے کیسے مشہور ہوا؟
مقامی سماجی رہنما زوار حسین کاندھڑو نے بتایا کہ: "ملتان کے تاجروں نے یہاں سے مٹی نکال کر بیچنا شروع کی تھی جس کی وجہ سے اس کا نام ملتانی مٹی پڑ گیا ہے، حالانکہ یہ ہمارے خیرپور سندھ کی معدنی مٹی ہے۔"
ملتانی مٹی کیسے نکالی جاتی ہے؟
پہاڑ کے دامن سے سرنگ کھودنے کے لیے 25 سے 30 افراد روزانہ آٹھ سے دس گھنٹے محنت کرتے ہیں، اس کے بعد کم از کم دو سو سے تین سو فٹ کے بعد میٹ نکلنا شروع ہوتی ہے۔ یہ کام وہاں کے مقامی مزدور کرتے ہیں جنہیں بہت کم اجرت دی جاتی ہے، جبکہ یہ مزدور بہت غیر محفوظ انداز میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔
سرنگ کے اندر روشنی کا کوئی مناسب بندوبست نہیں ہوتا، چراغ جلا کر روشنی کی جاتی ہے جبکہ گیلی مٹی کی وجہ سے بعض مقامات سے مٹی کے تودے گرتے ہیں جس سے کان کنوں کو جان کا خطرہ رہتا ہے۔