الیکشن سے پہلے انصاف، نواز شریف کیساتھ زیادتیوں کا ازالہ، گھڑی چور کٹہرے میں ہو گا، مریم نواز

image

ساہیوال: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ الیکشن کا سال ہے، ن لیگ بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی، الیکشن ضرور ہو گا لیکن پہلے انصاف ہو گا۔

انہوں نے ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، الیکشن ہوگا مگر ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہوں گے، الیکشن ضرور ہوگا مگر پہلے نوازشریف کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہوگا، پہلے گھڑی چور کٹہرے میں ہوگا، پھر الیکشن ہوگا۔

مریم نواز نے استفسار کیا کہ اگر نوازشریف یہ گھڑیاں بیچ دیتا تو اس کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 55 ارب روپے جیب میں ڈالنے والے شخص کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرو۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کوسزا دینے والے ججز نے خود غلطی کا اعتراف کیا، جو شخص عدالتوں میں نہیں جاتا اس کو کون بچا رہا ہے؟ اس شخص کو جنرل فیض کی باقیات بچارہی ہے، فیض حمید چکوال میں بیٹھ کر اس کا ساتھ دے رہا ہے۔

ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ عمران خان کا دوسرا نام گھڑی چور ہے، ایک نام فتنہ خان بھی ہے، اس کو لانے والے جانتے تھے کہ وہ تباہی کا دوسرا نام ہے، نہ اس کے پاس کردار تھا نہ اس کے پاس کارکردگی تھی لیکن تم نے نواز شریف کی نفرت میں پاکستان تباہ کر دیا، شرم کرو۔

عمران خان کیلئے قانون اور مریم نواز کیلئے اور ہے، پاکستان کو بلیک میلر حکومت کا سامنا ہے، فواد چودھری

مریم نواز نے کہا کہ جیسے چاند کو گرہن لگتا ہے اسی طرح پاکستان کو پانامہ بینچ لگ گیا، ایک بینچ بن گیا جس کا نام تھا پانامہ بینچ جس میں پانچ ججز تھے، نوازشریف کے ساتھ دشمنی میں پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، آج ہم سب پانامہ بینچ سے جواب مانگ رہے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US