سڑک پر جلسہ کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا، وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی کو خبردار کردیا

image

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے پاکستان تحریک انصاف کو شہر کی کسی سڑک پر جلسہ کی صورت میں حکومتِ سندھ کی جانب سے سخت ایکشن لیے جانے سے متعلق خبردار کیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا لنجار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ شاید کراچی کے عوام نہیں ہیں اس لیے وہ میدان کے بجائے روڈ پر جلسہ کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا اجازت ملنے کے باوجود جلسہ گاہ چھوڑ کر 'روڈ شو' کرنے کا اصرار بہانے بازی ہے، گراؤنڈ سے باہر جلسے کی اجازت نہیں ملے گی، کسی بھی سڑک پر جلسہ ہوگا تو حکومتِ سندھ سخت ایکشن لے گی، سندھ حکومت نے پی ٹی آئی کو جہاں جلسےکی اجازت دی وہیں جلسہ کرے۔

وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائےگی۔ ٹکراؤ کی صورت میں نتائج بھگتنا ہوں گے اور قانون کی خلاف ورزی پر جلسے کا اجازت نامہ بھی منسوخ ہوگا۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت دے دی ہے تاہم پی ٹی آئی نے مزار قائد کے گیٹ پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US