خیبر پختونخوا اسمبلی کے الیکشن 8 اکتوبر کو، الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن

image
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے الیکشن بھی آٹھ اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کی شب جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ’خیبر پختونخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی تھی۔ وہاں انتخابات کے لیے پولنگ آٹھ اکتوبر کو ہوگی‘۔

الیکشن کمیشن کے مطابق’ آٹھ اکتوبر کی تاریخ صوبے کے گورنر کی جانب سے دی گئی ہے۔ الیکشن شیڈول کا اعلان وقت کے مطابق کر دیا جائے گا‘۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ بھی 8 اکتوبر مقرر کی تھی( فوٹو: سکرین شاٹ)

 اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرکے آٹھ اکتوبر کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اپنے حکم نامے میں کہا تھا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں، وزارت خزانہ، وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس کی روشنی میں کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ الیکشن کا شفاف، منصفانہ، دیانتداری سے، پرامن اور قانون اور آئین کے مطابق انعقاد ممکن نہیں‘۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اسمبلی کے انتخابات کےلیے صدر نے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی جس کے بعد الیکشن شیڈول بھی جاری کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ متعین کرنے کا اختیار گورنر کو دیا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US