سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت آج ہوگی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ آج کیس کی سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ دن ساڑھے گیارہ بجے کیس کی سماعت کرے گا۔ الیکشن التوا کیس میں عدالت عظمیٰ نے آج سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری دفاع کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ اٹارنی جنرل عثمان منصور بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوکر فنڈز اور سیکیورٹی پر دلائل دیں گے۔
دوسری طرف حکومتی جماعتوں نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں نے چیف جسٹس عمرعطا بندیال سے فل کورٹ بنانے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت پیر ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کر دی تھی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سماعت کے دوران کہا تھا کہ توقع ہے کہ پیر کا سورج اچھی نوید لے کر طلوع ہوگا۔