کوئٹہ کے علاقے قندھاری بازار میں دھماکہ، دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک

image

کوئٹہ میں پولیس کے مطابق قندھاری بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن زوہیب محسن نے میڈیا کے نمائندوں بتایا کہ پیر کی شام کو ہونے والے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا- 

دھماکے سے پولیس کی گاڑی سمیت دو گاڑیوں اور دو موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لگ رہا ہے کہ بم موٹرسائیکل پر نصب تھا اور اس میں تین سے چار کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا- 

پولیس کے مطابق نشانہ بننے والی گاڑی ایس پی نصیر شاہ کی ہے تاہم پولیس افسر اس دھماکے میں محفوظ رہے-

لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا- مرنے والوں میں دو پولیس اہلکار اور ایک بچی بھی شامل ہیں- 

ڈاکٹروں نے زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی ہے-

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قندھاری بازار بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حالیہ دھماکے اور شہر میں سکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات پر آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ 

خیال رہے گذشتہ رات کو کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں پیش آیا جہاں اتوار کی رات کو پولیس کے ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا-

انہوں نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں عبدالجبار اور جلات خان کی موت ہوگئی جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ایگل سکواڈ کے چھ اہلکار تین موٹرسائیکلوں پر تراویح کی نماز کے دوران  پٹرولنگ ڈیوٹی پر تھے جب ان کو نشانہ بنایا گیا- ڈی آئی جی نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا-


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US