پاکستان میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج وزارت مذہبی امور میں ہوگا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق زونل اور ضلعی ریت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوں گے۔چاند نظر آنے یا نہ آنے کے اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعرات کو) چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔بدھ کو 13 ممالک سے تعلق رکھنے والے فلکی علوم کے 25 ماہرین نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جمعرات کو عید کا چاند دیکھنا ناممکن ہے۔‘سبق ویب سائٹ کے مطابق فلکی علوم کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’تمام اسلامی ممالک میں رویت ہلال نہ خالی آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے نہ ہی جدید ترین دوربین استعمال کرنے سے نظر آئے گا۔‘انہوں نے کہا ہے کہ ’شرعی رویت کے لیے ضروری ہے کہ چاند اُفق پر 6 درجے اوپر نمودار ہو۔‘پاکستان میں اگر آج چاند نظر آجاتا ہے تو عید الفطر ملک بھر میں کل بروز جمعے کو منائی جائے گی جبکہ چاند نظر نہ آنے کی صورت میں عید 22 اپریل بروز سنیچر کو منائی جائے گی۔