جانوروں میں احساسات اور جذبات اس حد تک ہوتے ہیں کہ اگر ایک بار لگاؤ ہو جائے تو آخری وقت تک لگاؤ چھوڑتے نہیں ہیں، پھر چاہے انسان ہو یا پھر دوسرا جانور۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے صارفین کو افسردہ کر دیا تھا کیونکہ ایک کتے اور بندر کی دوستی نے اچھے اچھے کو رونے پر مجبور کر دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ کتا اور بندر آپس میں بے انتہا قریبی رہے ہیں، ایک ساتھ کھانا کھانا، وقت بتانا، کھیلنا، اس سب میں دونوں کب اتنے قریبی ہو گئے کہ ایک دوسرے کے لیے جان تک قربان کرنے کے لیے تیار رہے، معلوم ہی نہ ہوا۔
بندر کے پاس کتا جب کبھی آتا تو بندر اس کے بالوں سے جؤئیں نکالتا، اسے پیار کرتا، بدلے میں کتا بھی دم ہلاتا ہوا بندر کو پیار کے طور پر سونگنے لگتا اور زبان پھیرنے لگتا۔
کتے اور بندر کی دوستی اپنے عروج پر پہنچی ہوئی تھی، کہتے ہیں نا ہر عروج کو زوال ہے، بس اس عروج کو بھی زوال آنا تھا، مگر ایسا زوال آئے گا، کسی نے سوچا نہ تھا۔
کتے کی اچانک موت نے بندر کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیا تھا، جس طرح انسان ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں، بالکل اسی طرح جانور بھی ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔
بندر بھی تنہائی پسند، خاموش طبیعت اور ساتھی کی جدائی پر غمگین ہو گیا تھا، کھانا پینا تک تُرک کر دیا تھا اور اسی کی قبر پر وقت بتانے لگا۔
سوشل میڈیا پر اس افسردہ بندرکی ویڈیو نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔