امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت امریکا کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم واشنگٹن کسی بھی صورت تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
وائٹ ہاؤس میں سالانہ نامہ نگاروں کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام امریکا سے رابطے میں ہیں اور معاہدے کے خواہاں ہیں، تاہم ان کے بقول شاید ایران ابھی معاہدے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کا مؤقف سننے کے لیے تیار ہیں، لیکن ایک بات واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ حالیہ امریکی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی بحریہ تقریباً ختم ہو چکی ہے، فضائیہ کو بھی بھاری نقصان پہنچا، 250 طیارے ناکارہ بنا دیے گئے جبکہ 159 کشتیاں سمندر برد ہو چکی ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے ریڈار سسٹمز تقریباً تباہ ہو چکے ہیں اور اس کے پاس محدود تعداد میں ڈرونز باقی رہ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ایران وقتاً فوقتاً کچھ سرگرمیاں دکھانے کی کوشش کرے گا، تاہم اس کی عسکری صلاحیت پہلے جیسی نہیں رہی۔