آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان میں پہلی بار ایک اہم سائنسی کامیابی حاصل کرتے ہوئے زمینی شوراب (Formation Water/Brine) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے، جسے توانائی کے مستقبل کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ دریافت او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک کامیابی سے آزمائے گئے بلند درجہ حرارت کے جیوتھرمل کنویں سے حاصل ہونے والے فارمیشن واٹر کے جدید جیوکیمیائی تجزیے کے دوران سامنے آئی۔ تجزیے میں لیتھیم کی مقدار دنیا کے معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل شورابوں کے مساوی پائی گئی۔
او جی ڈی سی کے اعلیٰ حکام کے مطابق پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے، جس کے بعد ملک ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ اور قیمتی ذریعے کے طور پر تلاش کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق لیتھیم جدید دور کی سب سے اہم معدنیات میں شمار ہوتا ہے، جو برقی گاڑیوں، بڑے پیمانے پر توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور جدید بیٹری ٹیکنالوجی کی تیاری میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان کے معدنی وسائل کی دریافت میں اہم سنگِ میل سمجھی جا رہی ہے بلکہ مستقبل میں سرمایہ کاری، معدنی شعبے کی ترقی اور صاف توانائی کے منصوبوں کے لیے بھی نئی راہیں کھول سکتی ہے۔