مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی نمایاں رہے، جہاں کاروباری ہفتے کے دوران شدید مندی دیکھی گئی اور سرمایہ کاروں کو 512 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 100 انڈیکس میں ہفتہ بھر کے دوران 4 ہزار 782 پوائنٹس یعنی 2.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انڈیکس ہفتے کے اختتام پر 1 لاکھ 71 ہزار 21 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 78 ہزار 370 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 69 ہزار 513 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، جس سے مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ ظاہر ہوا۔
کاروباری سرگرمیوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ اوسط یومیہ شیئرز کا حجم 6 فیصد کم ہو کر 69 کروڑ 60 لاکھ شیئرز رہ گیا جبکہ اوسط یومیہ تجارتی مالیت 19 فیصد کمی کے بعد 9 کروڑ 98 لاکھ ڈالر پر آ گئی۔
شدید مندی کے باعث مارکیٹ کیپیٹلائزیشن بھی 512 ارب روپے کم ہو کر 19 ہزار 278 ارب روپے رہ گئی۔