پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں دو درجے بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد گرین پاسپورٹ 103ویں سے 101ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ تاہم یہ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے اور صرف عراق، شام اور افغانستان سے بہتر درجہ رکھتا ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کردہ 2026 پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاسپورٹ انڈیکس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ درجہ بندی کا معیار یہ ہے کہ کسی ملک کے شہری کتنے ممالک میں بغیر پیشگی ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ بعض اوقات عالمی حالات اور سفری پابندیاں بھی مختلف ممالک کی ویزا پالیسیوں پر اثر انداز ہوتی ہیں، جس سے پاسپورٹس کی درجہ بندی میں تبدیلی آ سکتی ہے۔
تازہ درجہ بندی میں سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پایا، جبکہ بھارت 81ویں نمبر پر رہا۔ افغانستان بدستور فہرست میں آخری نمبر پر موجود ہے۔