’پیار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘، انڈین مہندر کمار کی پاکستانی سنجو کماری سے شادی

image
انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن وقفوں وقفوں سے ایسی کہانیاں بھی سامنے آتی ہیں جب سرحدوں کے آر پار بسنے والے ایک دوسرے کے لیے محبت بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔

حال ہی میں انڈیا کے ایک نوجوان مہندر کمار ایڈووکیٹ کی پاکستانی لڑکی سنجو کماری سے ہونے والی شادی کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔ شادی پر تبصرے کرنے والوں کا کہنا ہے کہ محبت سرحدوں سے ماورا ہے۔

ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے اس جوڑے کی شادی چار دن قبل صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں ہوئی جس میں شرکت کے لیے انڈیا سے مہندر کمار کے خاندان کے افراد بھی پاکستان پہنچے۔

دُلہے مہندر کمار کا تعلق انڈیا کے شہر ممبئی سے ہے اور وہ وکالت کے پیشے سے وابستہ ہیں جبکہ دُلہن پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور کی سنجوگتا کماری ایک کاروباری خاندان سے ہیں۔

شادی کی تقریب کی کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئیں جن میں دلہا اور دلہن کو رقص کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

سکھر کے سینیئر صحافی ممتاز بخاری نے اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’مہندر کمار اور سنجوگتا کماری کا رابطہ سوشل میڈیا پر ہوا تھا جو بعد میں محبت میں بدل گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’اس کے بعد یہ بات دونوں خاندانوں تک پہنچی اور پھر شادی کی تاریخ طے ہو گئی۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کے موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے مہندر کمار ایڈووکیٹ نے کہا کہ ’ہم نے اپنی شادی کو ’سما‘ کا نام دیا ہے کیونکہ ہم لوگوں کو مذہب، ذات اور قومیت کی تفریق سے ہٹ کر قریب لانے پر یقین رکھتے ہیں۔‘

مہندر کمار نے ویب چینل ’اُردو کورونیکل‘ کو انٹرویو میں کہا کہ ’نہ میں پاکستان آ پا رہا تھا اور نہ یہ انڈیا آ پا رہی تھی۔ ہماری کمیونیکشن 2019 میں شروع ہوئی۔ 2020 میں لاک ڈاؤن آ گیا تو بارڈر بند ہو گئے۔ 2021 میں بارڈر بند تھے۔ ہمیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیسے ملیں اور کیسے بات کو آگے بڑھائیں۔‘

صحافی ممتاز بخاری نے مزید بتایا کہ ’سنجو کماری کا تعلق ایک کاروباری خاندان سے ہے۔ وہ پڑھی لکھی اور کافی سرگرم خاتون ہیں۔‘

’شادی کی تقریب میں مقامی کمیونٹی، ہندو پنچایت سکھر کے سربراہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اطلاع ہے کہ یہ جوڑا آج سکھر سے کراچی روانہ ہو رہا ہے جہاں سے یہ انڈیا روانہ ہو جائیں گے۔‘

نوبیاہتا جوڑے رابطے سے متعلق سوال پر ممتاز بخاری کا کہنا تھا کہ ’شروع میں انہوں نے میڈیا سے کچھ بات کی لیکن اس کے بعد کسی بھی میڈیا کو انہوں نے انٹرویو نہیں دیا۔ شاید انہیں منع کیا گیا ہو۔‘

اس شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی تبصرے ہو رہے ہیں اور صارفین نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک صارف زاہد عباس نقوی نے لکھا کہ ’فیس بک سے شروع محبت کا جذبہ بھارتی نوجوان کو کھینچ کر پاکستان لے آیا۔ پیار کی کوئی سیما نہیں ہوتی۔‘

فیس بک سے شروع محبت کا جذبہ بھارتی نوجوان کو کھینچ کر پاکستان لے آیا،

بھارت سے تعلق رکھنے والا دلہا مہندر کمار ایڈووکیٹ اور پاکستانی دلہن سنجوگتا کماری سے پاکستان آکر شادی کرلی۔۔

پیار کی کوئی سیما نہیں ہوتی pic.twitter.com/S64McGGYGu

— Zahid Abbas NaQvi (@iamZahid512) May 1, 2023

چاند بی بی نے لکھا کہ ’سرحدوں کے آر پار سے پیار کی یہ کہانی ایک خوب صورت مثال ہے کہ محبت ہمیں سرحدوں کے فرق کے باوجود کیسے جوڑ سکتی ہے۔‘

Love knows no boundaries! A heartwarming story of an Indian boy, Mahindra Kumar, who traveled all the way to Pakistan to marry his love, Sanju Kumari from Sukkur. This cross-border love story is a beautiful example of how love can unite us beyond borders. pic.twitter.com/rsBfXROEbd

— چاند بی بی (@GreenArmy786) May 1, 2023

صبا نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سنجو کماری کی ایک برس قبل مہندر کمار سے فیس بک پر ملاقات ہوئی۔ اسے نہیں معلوم تھا تھا کہ مہندر ان کے ٹھیک اس برس بعد پہاڑوں سے بھی مشکل کام کر دکھائیں گے۔‘

Sanju Kumari from Sukkur, Pakistan, met her now-husband Mahindra Kumar on Fb a year ago. Little did she know, Mahindra would conquer something much more difficult than mountains a year later. In order to marry Sanju,Mahindra travelled from India to Sukkur without any fear. pic.twitter.com/TsvLNrGF4I

— Saba (@saba65169797) May 1, 2023

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US