سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’حکومت انتخابات پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مان رہی، پوری قوم عدالت عظمیٰ کے ساتھ یکجہتی اور آئین کی سربلندی کے لیے کل باہر نکلے۔‘
جمعے کو زمان پارک لاہور سے ویڈیو خطاب میں اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں ساری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، آپ کو باہر نکلنا پڑے گا۔‘’کل شام ساڑھے پانچ بجے ایک گھنٹے کے لیے گھر سے باہر نکلیں اور ایک مخصوص جگہ پر اکٹھے ہو کر سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔‘چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ’میں کل لاہور میں ریلی کی قیادت کروں گا، اس کے علاوہ کراچی، پشاور اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سب ہینڈلرز اور پی ڈی ایم کو یہ پیغام دینا ہے کہ قوم آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گی، اور قوم اس چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے جو آئین کے ساتھ کھڑا ہے۔‘