تحریک انصاف کی جانب سے ملک کی اعلٰی عدلیہ اور چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں ریلیاں نکالی گئیں۔سنیچر کو لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلی زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔عمران خان نے کارکنوں کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں اپنی ریلی کا آغاز کر رہا ہوں، آج آپ جہاں بھی ہیں، آپ کے لیے ضروری ہے آئین، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے لیے گھر سے باہر نکلیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’آج ایک گھنٹے کے لیے آپ کو ہر صورت میں باہر نکلنا ہے، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا۔‘چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’اگر ایسا ہو تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔‘
لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریلی زمان پارک سے روانہ ہوئی (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
پشاور میں عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ریلی کے شرکاء پیر زکوڑی پل پر جمع ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو خطاب میں کہا تھا کہ ’حکومت انتخابات پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مان رہی، پوری قوم عدالت عظمیٰ کے ساتھ یکجہتی اور آئین کی سربلندی کے لیے کل باہر نکلے۔‘انہوں نے کہا کہ ’میں ساری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے، آپ کو باہر نکلنا پڑے گا۔‘عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ اگر یہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں نہیں توڑتے تو ہم پنجاب میں الیکشن کا انعقاد چاہیں گے۔‘