تپتی لو سے نہ تو گھر کے باہر چین ہے نہ ہی گھر کے اندر سکون ہے۔ دن تو دن، رات کے وقت بھی حبس اور گھٹن سے برا حال ہوجاتا ہے۔ ایسے میں ہر کوئی تو اے سی خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا اس لئے آج ہم اپنے قارئین کے لئے کچھ ایسے طریقے لائے ہیں جو سستے بھی ہیں اور گھر کو ٹھنڈا رکھنے میں کارآمد بھی۔
صرف ایک پیالہ پانی
گھر میں اے سی یا روم کولر نہیں تو پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ ایک مٹی کا بڑا سا پیالہ لیں اور اس میں پانی بھر کر کھلی کھڑکی کے سامنے رکھ دیں یا پھر پیڈسٹل فین ہے تو اس کے سامنے رکھ دیں۔ اگر پانی ٹھنڈا ڈال دیں تو اور بھی اچھا ہوگا۔ تھوڑی دیر میں کمرے میں ہلکی نمی اور ٹھنڈا پیدا ہوجائے گی۔
خس کے پردے
خس کے بنے پردے پہلے زمانے میں ہر گھر میں استعمال کیے جاتے تھے۔ یہ گھر کو ٹھنڈک بخشتے ہیں اور ان کی خوشبو بھی کافی سوندھی ہوتی ہے۔ ان پردوں کو دروازوں اور کھڑکیوں پر ضرور لگائیں یہ تپش کو ٹھنڈک میں بدل دیں گے۔ چاہیں تو ان پر پانی کا چھڑکاؤ کردیں اور ان کی افادیت کو مزید بڑھادیں
پودے
کہنے کو تو سب ہی کہتے ہیں کہ درخت اور پودے لگائیں لیکن بہت کم لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ پودوں اور درختوں سے درجہ حرارت میں 1 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ کمی لائی جاسکتی ہے۔ اس لئے گھر کے باہر درخت اور کمروں میں انڈور پلانٹس ضرور رکھیں۔ یہ کمرے کو ٹھنڈا رکھنے کے علاوہ آنکھوں کو سکون بھی دیں گے۔