شہید سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایڈووکیٹ شوکت عزیز صدیقی کے ذریعے دائر کی گئی متفرق درخواست میں ارشد شریف کی والدہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ، چیئرمین پی ٹی آئی، فیصل واوڈا، سلمان اقبال، مراد سعید اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کیا جائے۔
انہوں نے درخواست میں اپیل کی ہے کہ، ارشد شریف کے قتل سے متعلق ان تمام افراد سے شواہد حاصل کیے جائیں۔ اور میں مقدمے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں ۔
ارشد شریف کی والدہ نے کہا کہ، قتل کی تحقیقات سب سے پہلے پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائی، کیونکہ کئی افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش کے بارے میں جاننے کا دعویٰ کیا ہے۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ، جے آئی ٹی سربراہ کو 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے اور ساتھ ہی عدالت جے آئی ٹی کو رپورٹس فراہم کرنے کا حکم بھی دے۔