“میرا مقصد وائرل ہونا نہیں تھا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ میں نے ایم بی بی ایس کی مشکل ترین پڑھائی میں 29 گولڈ میڈل لئے لیکن آج بھی بے روزگار ہوں۔ اس کی وجہ سفارش ہے جس کا میں قائل نہیں ہوں“
یہ کہنا ہے ایک ایسے نوجوان کا جس نے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے امیر الدین میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی ہے۔ 24 سالہ ڈاکٹر ولید ملک کہتے ہیں کہ
“میڈیکل کے شعبے میں بھی سفارش کلچر بہت زیادہ ہے۔ طالب علم اپنی سی وی اساتذہ کو دیتے ہیں جو آگے بڑھا دیتے ہیں اس طرح انھیں نوکریاں مل جاتی ہیں۔ میں نے ہاؤس جاب مکمل کرنے کے بعد 20 اداروں میں نوکری کے لئے اپلائی کیا ہے مگر مجھے نوکری نہیں ملی۔“
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ڈاکٹر ولید لکھتے ہیں کہ ہوسکتا ہے کہ میں غلط ہوں لیکن کم سے کم میرا مشاہدہ یہی ہے کہ 99 فیصد نوکریاں سفارش پر ملتی ہیں۔ صرف قابلیت پر کام ملنا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہے۔