دریا تو مچھلیوں کی دنیا ہوتے ہیں ان کا گھر ہوتے ہیں۔ پھر اچانک ایسا کیا ہوا جو عراق کے صوبے میسان میں لاکھوں مچھلیاں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں اور ان کے مردہ جسم دریا کنارے آگئے؟
دریائے امشان کے کنارے ہزاروں ٹن مچھلیاں مردہ پائی گئی ہیں۔ اچانک اتنی بڑی تعداد میں سمندری جانداروں کا مرنا تشویش ناک مانا جارہا ہے۔ اس حوالے سے عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں مچھلیوں کے مرنے کی وجہ علاقے میں جاری خشک سالی بھی ہو سکتی ہے البتہ اس واقعے کی وجوہات دریافت کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے۔
جبکہ ماحولیات کے ماہرین کہتے ہیں اچانک مچھلیوں کے مرنے کی وجہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے جس سے دریا کے بہاؤ اور آکسیجن میں کمی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے پانی میں رہنے والے جاندار موت کا شکار ہوجاتے ہیں جبکہ پانی کی کمی کی وجہ سے دریا میں نمکیات بھی بڑھ جاتی ہیں اس وجہ سے بھی آبی حیات جان سے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے کو ماحولیاتی تباہی قرار دیا جارہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کی جانب سے عراق کو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 5 ممالک میں شامل کیا گیا تھا۔