حال ہی میں ہونے والے ٹائٹن آبدوز کے واقعے نے پوری دنیا میں ہل چل مچادی تھی، اب اس سے متعلق ایک اور خبر منظر عام پر آئی ہے جس میں ان 5 مسافروں کے آخری لمحات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
ٹائٹن آبدوز میں جاں بحق شہزادہ داؤد کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ٹائٹن آبدوز میں سوار پانچ مسافروں نے ممکنہ طور پر اپنے آخری لمحات مکمل اندھیرے میں موسیقی سننے اور سمندر کی گہرائی میں موجود سمندری مخلوق کو دیکھنے میں گزارے ہونگے۔
العربیہ اردو کے مطابق، کرسٹین داؤد جو شہزادہ داؤد کی اہلیہ اور سلیمان کی والدہ ہیں، نے اس سفر کی لیے کی جانے والی تیاریوں سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس سفر کا اہتمام کرنے والی کمپنی نے مسافروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ موٹے موزے اور ٹوپی پہنیں تاکہ گہرائی میں سردی سے بچا جا سکے اور کافی پینے سے اجتناب کرتے ہوئے مخصوص خوراک استعمال کریں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مسافروں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ اپنے فون پر اپنی پسندیدہ موسیقی ڈاؤن لوڈ کریں جسے وہ دوران سفر بلوٹوتھ اسپیکر کے ذریعے سن سکیں۔
کرسٹین داؤد نے بتایا کہ، انہیں اوشین گیٹ فلائٹ سوٹ، واٹر پروف ٹراؤزر، نارنجی رنگ کی واٹر پروف جیکٹ، اسٹیل کے جوتے، لائف جیکٹس اور ہیلمٹ بھی دیے گئے۔
شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سال کے بیٹے سلیمان کی سفر پر روانگی سے قبل تصویر بھی جاری کردی گئی، باپ بیٹا واٹر پروف لائف جیکٹ پہنے ہوئے ہیں۔
کمپنی کے بانی اور سی ای او نے انہیں مطلع کیا تھا کہ، لینڈنگ بالکل تاریکی میں ہوگی کیونکہ جب وہ سمندر کی تہہ تک پہنچیں گے تو بیٹری کی طاقت بچانے کے لیے ہیڈلائٹس بند ہوں گی۔