وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام کے پھر سے بحال ہونے کے بعد قوم سے اہم خطاب کرتے ہوئے بہت سی باتوں کو واضح کیا اور اس مشکل وقت میں عوام کی حوصلہ افزائی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ، ہمیں اپریل 2022 کو بطور وزیراعظم ذمہ داری سونپی گئی تھی، اور اب یہ زمہ داری ہم اگست میں نگراں حکومت کے سپرد کردیں گے۔
قوم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ، ہم نے گزشتہ حکومت کی معاشی بارودی سرنگیں صاف کیں اور اپنے دورِ حکومت میں معیشت، خارجہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں لگی آگ کو بجھایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ، 15 ماہ میں ہم نے 4 سال کی تباہ کاریوں کو صاف کیا، ہمارا سفر بے روزگاری سے روزگار کی طرف تھا، ریاست بچانے کے لیے ہم نے سیاست کی قربانی دی۔ آئی ایم ایف کا پروگرام بحال ہوچکا ہے۔
انہوں نے قوم کا اعتماد بحال کرتے ہوئے کہا کہ، "، اب قرض کی زندگی نامنظور ہے، کاروباری اور سرمایہ کار برادری کا اعتماد آہستہ آہستہ بحال ہورہا ہے، اب ہمارے پاس ایک راستہ ہے کہ کشکول توڑ دیں، قرض لینا چھوڑ دیں اور غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔"
شہباز شریف نے دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ، اس عرصے میں ہم نے سیاست نہیں کی، ریاست کی حفاظت کی، چینی صدر، سعودی ولی عہد، صدر یو اے ای نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں کردار ادا کیا۔ جس کے لیئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔