دہری شہریت رکھنا کوئی جرم نہیں ہے۔دوہری شہریت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ایسا کہنا ہے ہمارے وزیراعظم شہباز شریف کا ۔۔ لیکن اسی دہری شہریت کی وجہ سے کئی افراد اپنی اصل شناخت کھو بیٹھتے ہیں۔ ایف آئی اے نے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے ایرانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے امیگریشن سیل نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کی جس میں ایک ایرانی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جو جعلی پاکستانی سفری دستاویزات پر ملازمت کے لیے قطر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ایف آئی اے کی تفصیلات کے مطابق جاسم نامی ملزم کے موبائل فون کے معائنے کے دوران ڈیٹا میں ایرانی شہریت کی دستاویزات بھی موجود تھیں، ملزم اپنے پاس موجود پاکستانی سفری دستاویزات پر درج رہائشی پتے اور اہل خانہ کی تفصیلات نہ بتا سکا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے پاکستانی سفری دستاویزات مبینہ طور پر انسانی اسمگلر کی مدد سے حاصل کی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔