5 سال کی عمر میں اچانک وزن بڑھنا شروع ہوگیا ۔۔ 165 کلو وزنی نوجوان کی کون سی خواہش اسکے وزن کم کرنے کا سبب بنی؟ جانیئے

image

انسان اگر چاہے تو ناممکن کو بھی ممکن کر دکھاتا ہے بس ہمت، حوصلے، لگن اور محنت کی دیر ہے، ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے۔۔ ایسی ہی ہمت اور لگن کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے احمد نے دکھائی، جس کا خواب تھا وکیل بننا۔

یہ کہانی ہے احمد یار ہمایوں کی جو کہ پاکستان کے شہر کوئٹہ کا رہائشی ہے اور اس کا خواب ایک وکیل بننا تھا، مگر اس کے اور وکالت کے بیچ میں جو چیز حائل تھی وہ تھا اسکا موٹاپا۔

بیشتر وکلا کے لیے سیاہ کوٹ پہننا ایک معمول کی بات ہے جسے اٹارنی کا یونیفارم سمجھا جاتا ہے۔ لیکن 165 کلو گرام وزنی احمد کیلیئے وکیل کا یونیفارم پہننے کی خواہش شدید تھی، اسلیئے اس نے وزن کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ کام محنت طلب تھا مگر اسکے حوصلے بلند تھے۔

احمد یار نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ، 2020 میں جب میں قانون کی تعلیم حاصل کررہا تھا تو میرے دوست وکلا کے پیشہ ورانہ سیاہ یونیفارم کے بارے میں بات کیا کرتے تھے لیکن ایسی باتیں مجھے بہت افسردہ کرتی تھیں، سوچتا تھا کہ میں 165 کلو گرام وزن کے ساتھ یہ یونیفارم کیسے پہنوں گا۔

احمد نے بتایا کہ مجھے وکیل بننے کا بہت شوق تھا، اس پیشے کی وجہ سے میری زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب میں سیاہ یونیفارم پہننے کے لیے 100 کلو گرام وزن کم کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

دراصل احمد کا وزن اُس وقت بڑھنا شروع ہوا جب وہ صرف 5 سال کا تھا، اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ اسکا وزن اتنا بڑھ گیا کہ چلنا پھرنا مشکل ہوگیا، کلاس اور محلے کے بچے اسکے موٹاپے کا مذاق اڑاتے اور طنزیہ باتیں کرتے جو کہ احمد کیلیئے ناقابلِ برداشت ہوتی تھیں۔

وزن کیسے کم کیا؟

وزن کم کرنے کے لیے احمد ایک دن میں صرف ایک وقت کا کھانا کھاتا تھا، دو سال سے زائد عرصے تک گندم کھانا چھوڑ دی تھی، روزانہ دو گھنٹے جم جاتا تھا اور اکثر بیڈمنٹن کھیلتا تھی۔

اپنی ڈائٹ کو صحیح طرح سے فولو کرنے کیلیئے احمد نے اپنے موبائل فون پر کیلوریز کاؤنٹر کی ایپ ڈاؤن لوڈ کی اور دیگر فٹنس ایپ کو بھی فالو کیا۔

احمد نے بتایا کہ، "یہ سب کچھ میں نے صرف ایک مقصد کو پانے کے لیے کیا تھا، میری شدید خواہش تھی کہ ایک دن میں وکیل کا سیاہ کوٹ پہنوں۔"

وکیل بننے کے بعد:

احمد اب کوئٹہ کی ضلعی عدالت کے وکیل ہیں، ان کا کہنا ہے کہ، "یہ سب اللّٰہ کا کرم ہے جس نے میری مدد کی، میں وکیل کا یونیفارم پہن کر خود کو بہت خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔"


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US