طلاق کے بعد بینڈ باجے کے ساتھ واپسی: ’پاپا مجھے ہنسی خوشی لینے آئے جس نے میرا بوجھ کم کر دیا‘

جب اینٹوں کا بھٹہ چلانے والے پریم گپتا کی اکلوتی بیٹی ساکشی نے طلاق کا فیصلے کیا تو انھوں نے نہ صرف بخوشی اپنی بیٹی کے اس فیصلے کو قبول کیا بلکہ انھیں سسرال سے واپس اپنے گھر لانے کے لیے بینڈ باجے کا انتظام بھی کیا۔

انڈیا کی ریاست جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی سے تعلق رکھنے والے پریم گپتا کا نام چند دن قبل اچانک سے خبروں کی زینت بن گیا تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ پریم گپتا نے اپنی بیٹی کی محبت میں وہ کر دکھایا جس کی روایت پسند معاشروں میں مثال نہیں ملتی۔

جب اینٹوں کا بھٹہ چلانے والے پریم گپتا کی اکلوتی بیٹی ساکشی نے طلاق کا فیصلے کیا تو انھوں نے نہ صرف بخوشی اپنی بیٹی کے اس فیصلے کو قبول کیا بلکہ انھیں سسرال سے واپس اپنے گھر لانے کے لیے بینڈ باجے کا انتظام بھی کیا۔

ساکشی گپتا کی شادی چند ماہ قبل بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی لیکن چند وجوہات کی بنا پر یہ شادی نہ چل سکی جس پر ساکشی نے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

پریم گپتا نے نہ صرف اپنی بیٹی کے فیصلے کا احترام کیا بلکہ اسے کسی بات سے یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ اس فیصلے سے انھیں دکھ یا تکلیف پہنچی ہے۔

ساکشی کے والد بیٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دھوم دھام سے گھر واپس بھی لائے۔ اس منفرد واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور یوں ان کے فیصلے کی دور دور تک تعریف کی گئی۔

’جب میری بیٹی غلط نہیں تو کیوں نہ اسے عزت کے ساتھ واپس لایا جائے‘

رانچی کے کشور گنج علاقے کے رہنے والے پریم گپتا کچھ دن پہلے اپنی بیٹی کو اس کے سسرال سے واپس لائے۔

پریم گپتا نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے یہ فیصلہ معاشرے اور اردگرد موجود لوگوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’ہم نے اپنی بیٹی کی شادی پر کافی رقم خرچ کی لیکن جب ہمیں اس صورتحال کا پتا چلا تو ہم نے فیصلہ کیا کہ جب میری بیٹی غلط نہیں ہے تو کیوں نہ اسے عزت کے ساتھ واپس اپنے گھر لایا جائے تاکہ کوئی اُس پر انگلی نہ اُٹھائے اور نہ ہی یہ کہے کہ وہ شادی اور اس رشتے کو قائم نہیں رکھ سکیں۔‘

جب پریم اپنے فیصلے کے بارے میں بتا رہے تھے تو ان کی بیٹی ساکشی گپتا بھی وہاں موجود تھیں۔ ساکشی گپتا نے ان لمحات کو بی بی سی کے ساتھ شیئر کیا جب انھوں نے اپنے والد کو بینڈ باجے کے ساتھ دیکھا۔

وہ بتاتی ہیں کہ ’اس دن پہلی نوراتری تھی۔ پاپا نے کہا کہ اس دن لکشمی کو گھر واپس لایا جائے گا۔ میں سامان پیک کر رہی تھی، جب میں نے ڈھول کی آواز سنی، مجھے لگا کہ کوئی جلوس گھر کی جانب آ رہا ہے لیکن جب میں باہر آئی، تو میں نے دیکھا کہ یہ میرے والد، اور میری فیملی ہے۔ میں حیران رہ گئی۔‘

ساکشی نے مزید بتایا کہ ’باہر نکلنے سے پہلے میں اپنی شادی کی تصاویر دیکھ رہی تھی، انھیں دیکھ کر اچھا نہیں لگا، اور کافی تکلیف محسوس ہوئی۔ میں نے اُس گھر سے نکلنے سے پہلے شادی کی تصاویر کو پھاڑ دیا۔ جب میں باہر نکلی اور پاپا نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا تو میں نے ان کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھی، جس سے مُجھے یہ پتا چل گیا کہ وہ میرے فیصلے سے دکھی نہیں بلکہ مطمئن تھے۔‘

ساکشی کہتی ہیں کہ ’میرے والد لڑکیوں کو لکشمی سمجھتے ہیں اور نہ صرف ان سے بلکہ گھر کی تمام لڑکیوں سے محبت کرتے ہیں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’میرے والد نے جو فیصلہ کیا ہے وہ ہر باپ کو اپنی بیٹی کے لیے کرنا چاہیے۔‘

’والدین نے مجھے پہلے کی طرح نارمل زندگی دی‘

ساکشی کہتی ہیں کہ ’پاپا نے روتے ہوئے رخصت کیا تھا، لیکن مجھے لینے کے لیے ہنسی خوشی آئے۔ یہ دیکھ کر طلاق کا بوجھ کم ہو گیا۔‘

ساکشی نہ کہا ’آج جب بھی میں کہیں جاتی ہوں، مجھے بہت فخر محسوس ہوتا ہے۔ میرے والدین نے مجھے پہلے کی طرح نارمل زندگی دی ہے۔ وہ رشتہ نہیں چل سکا اس میں میرا کوئی قصور نہیں تھا۔ میں ماضی کو بھول تو نہیں سکتی مگر ہاں صدمہ اور درد بہت کم ہو گیا ہے۔‘

ساکشی نے اپنے مستقبل سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں مالی طور پر خود کفیل اور مستحکم ہونا چاہتی ہوں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’میں نے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن کی ہے، اب میں دوبارہ اپنی پڑھائی شروع کرنے جا رہی ہوں، ایک چھوٹا سا خواب ہے، اپنا بوتیک کھولنا ہے، مجھے کپڑوں میں بہت دلچسپی ہے۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے فیس بک اور انسٹاگرام پر میری جیسی کئی لڑکیوں کے پیغامات مل رہے ہیں، میں نے کئی لڑکیوں کو راستہ دکھایا ہے۔‘

پریم گپتا کا کہنا ہے کہ ’میں ایسی لڑکیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ باتیں اور مُشکلات شیئر کریں اور والدین کو بھی اپنی بیٹی کی حمایت کرنی چاہیے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US