پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نیلامی آج ہو گی، تین کنسورشیمز میں مقابلہ

image

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 75 فیصد حصص کی نیلامی آج ہو گی۔ نجکاری کمیشن کے حکام کے مطابق نیلامی سے قبل نجکاری کمیشن بورڈ ریزرو پرائس کی منظوری دے گا جبکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی اسی روز ریزرو پرائس کو حتمی شکل دے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیلامی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پی آئی اے کی خریداری کے لیے تین کنسورشیمز بولی کے عمل میں حصہ لیں گے۔ پہلے کنسورشیم میں لکی سیمنٹ، حب پاور، کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز شامل ہیں۔ دوسرے کنسورشیم میں عارف حبیب، فاطمہ فرٹیلائزر، سٹی اسکولز اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں جبکہ تیسرا کنسورشیم ایئر بلیو پر مشتمل ہے۔ فوجی فرٹیلائزرز پر مشتمل چوتھا کنسورشیم نیلامی سے دستبردار ہو چکا ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق بولیاں صبح 10 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 15 منٹ تک جمع کی جائیں گی، جبکہ سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ پر بولیاں کھولی جائیں گی۔ حکومتی فیصلے کے تحت نیلامی کا عمل ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست دکھایا جائے گا اور جمع ہونے والی بولیوں کو شفاف باکس میں رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی کرائی جائے گی جبکہ ریفرنس قیمت سے کم بولی کی صورت میں زیادہ بولی دینے والے کو ترجیح دی جائے گی۔ کامیاب بولی کی منظوری چند دنوں میں وفاقی کابینہ دے گی جس کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ نجکاری کمیشن 90 دن کے اندر جائیدادوں، واجبات اور دیگر منتقلی کے معاملات مکمل کرے گا۔

حکام کے مطابق 75 فیصد حصص کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد پی آئی اے کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا جبکہ 7.5 فیصد رقم قومی خزانے میں جمع ہو گی۔ ابتدائی طور پر پی آئی اے کے 25 فیصد حصص حکومت کے پاس رہیں گے تاہم کامیاب بولی دہندہ کو بعد ازاں یہ بقایا حصص خریدنے کا حق حاصل ہو گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US