"لوگوں کو میری تصویر استعمال کرنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہئے تھی. گھر والے خاص طور پر میری والدہ بہت پریشان ہوگئیں تھیں. جس وقت میری تصویر وائرل ہوئی میں جہاز میں تھا اور گھر والے فون کرتے رہے جو بند تھا. جب میں جہاز سے اترا تو پتا چلا کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے کا انتقال ہوگیا ہے اور ہم نام ہونے کی وجہ سے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ مجھے گولی لگ گئی ہے جس پر مجھے ہر ایک کو وضاحت دینی پڑی"
یہ کہنا ہے رواں ہفتے مولانا طارق جمیل کے مرحوم بیٹے عاصم جمیل کے انتقال پر وائرل ہونے والے ایک اور عاصم جمیل کا جن کا نہ صرف نام بلکل چہرہ بھی کافی حد تک مولانا کے صاحبزادے جیسا ہے البتہ یہ عاصم جمیل پیشے کے لحاظ سے انجینیر اور کاروباری شخصیت ہیں.
واضح رہے کہ ہر دل عزیز شخصیت مولانا طارق جمیل اس وقت ایک بہت بڑے ذاتی المیے سے گزر رہے ہیں۔ ان کے جواں سال بیٹے عاصم جمیل اپنے ہی ہاتھوں گولی لگنے سے انتقال کر گئے ہیں جو کہ شدید ڈپریشن کا بچپن سے شکار تھے.
عاصم جمیل کی موت کی خبر سامنے آتے ہی ان سے منسوب ایک تصویر میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ کئی بڑے نیوز چینلز نے بھی یہی تصویر پوسٹ کی اور لوگوں کا خیال تھا کہ یہ عاصم جمیل کی نئی تصویر ہے۔
تاہم تصویر ایک دوسرے عاصم جمیل کی ہے مولانا کے بیٹے کی نہیں۔ میڈیا کی لاپروائی کی وجہ سے وائرل ہونے والے عاصم اور ان کے گھر والوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔