خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ ایک بار پھر سوگ میں ڈوب گئی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی سربراہ مفتی کفایت اللّٰہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔ وہ چند روز قبل اپنے ہی بیٹے کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے اور پشاور سے اسلام آباد منتقل کیے جانے کے بعد مسلسل زیر علاج تھے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ ظفر پارک بٹ خیلہ میں رات دس بجے ادا کی جائے گی، جہاں مقامی افراد اور سیاسی کارکن بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ ان کے انتقال نے نہ صرف جماعت بلکہ پورے علاقے کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت اللّٰہ نے ہمیشہ جماعتی اور دینی جدوجہد کو آگے بڑھایا، ان کی محنت اور خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور مرحوم کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب مفتی کفایت اللّٰہ کے بیٹے نے گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ کر دی تھی۔ اس افسوسناک حملے میں ان کا ایک بیٹا اور بیٹی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ مفتی کفایت اللّٰہ اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوئے تھے۔ خاندان کے دیگر افراد بھی اس واقعے میں متاثر ہوئے۔