انڈیا: دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے سے 9 ملازم ہلاک

image

ایک انڈین پولیس افسر کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے وسطی ضلع ناگپور میں دھماکہ خیز مواد بنانے والی ایک فیکٹری میں دھماکے سے کم از کم نو ملازمین ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقامی پولیس افسر سالوے نے اسے فون پر بتایا کہ دھماکہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے آٹھ بجے سولر انڈسٹریز انڈیا کی فیکٹری میں ہوا۔

سولر انڈسٹریز کی ویب سائٹ کے مطابق یہ فیکٹری صنعتی اور فوجی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ساتھ انڈیا کے دفاعی شعبے کے لیے پروپیلنٹ اور وار ہیڈز تیار کرتی ہے۔

پولیس افسر سالوے کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ سکتی ہے۔

سالوے اس ٹیم کا حصہ تھے جو دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پہنچی تھی۔

پولیس فیکٹری کے پیکنگ ایریا میں ہونے والے دھماکے کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔

روئٹرز نے کمپنی سے ان کا موقف جاننے کے لیے اس کی ویب سائٹ پر درج نمبر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، اس کے علاوہ ای میل بھی کی گئی لیکن فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts