انڈیا: نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر دھماکہ

image
انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع اسرائیل کے سفات خانے کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق منگل کی شام کو دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے چناکیاپوری میں واقع اسرائیل کے سفارت خانے کے باہر دھماکہ ہوا ہے۔

اخبار کے مطابق پولیس کے اعلٰی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

تاہم دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتول گنج نے  بتایا کہ ’جائے وقوعہ سے فی الحال کچھ نہیں ملا۔‘

دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے ترجمان گائی نیر نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ شام پانچ بج کر 20 منٹ پر ایمبیسی کے قریب دھماکہ ہوا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیز کے اہکار واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔‘

دریں اثنا اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’دھماکے میں اسرائیلی سفارت خانے کا سٹاف اور تمام حکام محفوظ رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’واقعے کی تحقیقات میں اسرائیلی حکام اپنے انڈین ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ جنوری 2021 میں دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ایک چھوٹے بم کا دھماکہ ہوا تھا۔ اس دھماکے میں بھی کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اس وقت ایک اسرائیلی عہدیدار نے کہا تھا کہ ’اسرائیل اس دھماکے کو دہشت گردی کا واقعہ سمجھتا ہے۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts